آزادکشمیر میں لاک ڈاون کی آڑ میں مافیا سرگرم، اشیائے ضروریہ سمیت آٹا مارکیٹ سے غائب

Last Updated On 07 April,2020 09:16 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں لاک ڈاون کی آڑ میں مافیا سرگرم ہو گیا ہے، مختلف اشیائے ضروریہ سمیت آٹا مارکیٹ سے جہاں غائب کردیا گیا ہے وہیں سرکاری نرخ ناموں کو بھی یکسر مسترد کر دیا گیا ہے۔

مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے اکثر علاقوں میں لاک ڈاون کے دوران حکام کی عدم توجہی نے سفید پوش طبقے کیلئے مشکلات کھڑی کردیں، گراں فروش مافیا کی ہیراپھیری کے سبب مالی بدحالی کے باوجود لوگوں کو حکومتی نرخوں پر آٹا ملنا خواب بن چکا ہے۔

آٹے کا 700 روپے کا 20 کلو والا تھیلا 900 روپے جبکہ ساڑھے 700 والا ساڑھے 14 سو تک فروخت کیا جا رہا ہے، معاملے پر وزیراعظم آزاد کشمیر صرف احکامات ہی صادر کرتے نظر آتے ہیں عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ دوسری جانب لاک ڈاون کے دوران سرکاری آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی روک تھام کے لئے انتظامی ادارے بھی کوئی اقدامات نہیں کر سکے ہیں۔