یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج نافذ، اشیا ئے ضروریہ سستے داموں دستیاب

Last Updated On 17 April,2020 09:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج کا نفاذ کر دیا، اشیا ئے ضروریہ سستے داموں دستیاب ہیں۔ صارفین نے معیاری اشیاء کی مسلسل فراہمی کا تقاضا کیا ہے۔

لاک ڈاؤن سے پریشان عوام کے لیے ریلیف کی خبر آ گئی، حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز پر آج سے رمضان پیکیج کا آغاز کیا گیا ہے جس سے چاول، گھی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء سستے داموں دستیاب ہونگی۔

گھریلو اشیاء پر 4 روپے سے 115 روپے تک کمی کر دی گئی۔ چاول 6 روپے کلو سستا، قیمت 122 سے کم ہو کر 116 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔ درجہ دوم کا گھی 5 روپے کلو جبکہ درجہ دوم کے کوکنگ آئل میں 5روپے فی لٹر کمی ہوئی ہے۔

مختلف برانڈز کے مصالحہ جات 7 سے 13 روپے تک سستے ملیں گے۔ 3 لٹر پیکنگ کے مشروبات 18 روپے سستے، قیمت 750 سے کم ہوکر 732 روپے ہے۔ اسی طرح ٹوتھ پیسٹ، ٹائلٹ پیپرز اور ڈائپرز کی قیمتوں میں 5 سے 115روپے تک کمی کر دی گئی۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ ریلیف پیکیج تو ملتا رہتا ہے لیکن اشیاء کی سپلائی نہیں ہوتی، کبھی چینی تو کبھی دالیں غائب، انتظامیہ اشیاء کی فراہمی بھی یقینی بنائے۔حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف کمپنیوں اور برانڈز کی 600 سے زائد مصنوعات پر رعایت دی ہے۔