نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں کم لوگوں کی شرکت، سندھ حکومت علمائے کرام کو منانے میں کامیاب

Last Updated On 16 April,2020 09:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کی عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے سندھ حکومت کی کوشش جاری، مراد علی شاہ کی علمائے کرام کے وفد سے ملاقات، نماز جمعہ سے متعلق مفتی منیب الرحمان نے حکومتی پالیسی پر عمل کرنے کا یقین دلا دیا۔

تفصیل کے مطابق نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں کم لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت علمائے کرام کو منانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

علمائے کرام کے وفد نے سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزرا سے اہم ملاقات کی جس میں ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر علمائے کرام نے نمازِ جمعہ سے متعلق مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق کے ساتھ بیٹھ کر مساجد کے حوالے سے نئی ایس او پیز بنائیں گے۔ جمعے کو دوپہر 12 سے 3 بجے تک سخت لاک ڈائون ہوگا۔

مفتی منیب الرحمان نے عوام سے حکومتی پالیسی پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں مساجد کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں موثر حکمت علمی بنا لیں گی۔ علمائے کرام کے تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے علمائے کے وفد کا شکریہ بھی ادا کیا۔