ملتان: ذخیرہ اندوزوں نے پھلوں اور کھجور کی طلب بڑھتے ہی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

Last Updated On 24 April,2020 09:35 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ذخیرہ اندوزوں نے پھلوں اور کھجور کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی قیمتوں میں بھی خودساختہ اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے پھل اور کھجور خریدنا شہریوں کیلیے مشکل ہو گیا ہے۔ پکوڑے، سموسے، دھی بھلے اور فروٹ چاٹ کی قیمت میں اضافے سے بھی شہری پریشان ہیں۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث منڈی اور عام مارکیٹ میں پھلوں کے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں جس سے سادہ کھجور کی فی کلو قیمت 200 سے 400 روپے جبکہ ایرانی کھجور کی قیمت 600 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے تاہم کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے اور سیب کی فی کلو قیمت 240 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے جس سے قوت خرید کم ہونے پر مہنگا پھل خریدنا شہریوں کیلیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خودساختہ مہنگائی کو روکنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو اختیارات دے دئیے ہیں جس سے مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔

موجودہ صورتحال میں پکوڑے کی فی کلو قیمت 200 کی بجائے 240 جبکہ آلو، دال اور قیمے والے سموسے کی قیمت بھی پانچ روپے کے اضافے سے 20 روپے وصول کی جا رہی ہے تاہم فروٹ چاٹ کی فی پلیٹ 90 روپے اور دھی بھلے کی فی پلیٹ کی قیمت 70 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement