لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران 235.81پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے تین روز کے دوران عید الفطر کی چھٹیاں تھیں جس کے باعث گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تھا، پہلے کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 141.19 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔
رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی قیمتوں میں پرکشس لیول پر دیکھتے ہوئے سرمایہ کاروں نے نے زبردست خریداری کی۔
اس خریداری کے باعث پورے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 34 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال کر گیا تھا تاہم تیزی کا یہ تسلسل کاروبار کے اختتام تک برقرار نہ رہ سکا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 235.81 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جس کے بعد انڈیکس 33931.23 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.7 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی جبکہ 16 کروڑ 64 لاکھ 28 ہزار 690 شیئرز کا لین دین ہوا۔