اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پٹرول پمپوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے بعد اوگرا نے پٹرول پمپس اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے معاملے پر اوگرا نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ایک خط لکھا ہے۔ چیف سیکرٹریز آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی خط لکھا گیا ہے۔
اوگرا نے کہا ہے کہ پٹرول پمپس پر پٹرول، ڈیزل کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ایک بار پھر پٹرول کی قلت، پی ایس او پمپس پر لمبی قطاریں
اوگرا نے صوبائی حکومتوں کیلئے متعلقہ ڈی سی اوز کو کارروائی کے لئے اقدامات کی سفارش کی ہے جبکہ صوبائی حکومتوں سے ذخیرہ اندوزی میں ملوث پٹرول پمپس کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اوگرا نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرول پمپوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے بعد پمپوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء اوگرا نے ملک کے مختلف حصوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت پر پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک نہ رکھنے پر 3 آئل کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، شیل، اٹک آئل اور ٹوٹل کو لائسنس کی خلاف ورزی پر ںوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ تینوں کمپنیوں سے 24 گھنٹے کے اندرجواب طلب کرلیا ہے، تینوں کمپنوں کے پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث جواب طلب کیاگیاہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے پٹرول سستا کیے جانے کے بعد مختلف شہروں میں پٹرول پمپوں پر قلت کی اطلاع ملی ہے جس کے باعث بیشتر پمپس پر سے پٹرول غائب ہے، شہری پٹرول کی تلاش میں خوار ہو گئے ہیں۔