خیبر پختونخوا کے تاجروں کا ٹیکس فری بجٹ اور ریلیف دینے کا مطالبہ

Last Updated On 04 June,2020 10:15 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے تاجروں اور کاروباری افراد میں آنے والے بجٹ سے متعلق تشویش پائی جارہی ہے، تاجروں نے جہاں ٹیکس فری بجٹ کی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں وہیں حکومت سے ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

کورونا وائرس نے جہاں پاکستان بھر میں کاروباری حضرات کو پریشان کر رکھا ہے وہیں ماہ جون میں آنے والے وفاقی بجٹ نے بھی کاروباری طبقے میں تشویش کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔ صدر سرحد چیمبر آف کامرس کے مطابق تاجر ٹیکس تو دینا چاہتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں حکومت بجائے ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ ڈالے، انہیں نئے ٹیکس دینے والے ڈھونڈنے ہونگے۔

مختلف کاروباروں سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ بلاسود قرضوں کے ساتھ حکومت کو پرانے طریقہ کار کے بجائے بجٹ میں عوام کو سہولت دینی ہوگی۔

تاجروں کے مطابق حکومت عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ دے کر کاروباری حضرات کو ریلیف دے تاکہ کوراناوائرس سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔

ایک طرف حکومتی وسائل اور مسائل تو دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث کاروبار میں نقصانات اور عوام کی حکومت سے ٹیکس فری بجٹ کی امیدیں، اس صورتحال میں متوازن بجٹ حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔