پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی پالیسی تبدیل کر دی گئی، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار دس ہزار تک بڑھ جائے گی، متاثرہ فرد کے اہل خانہ کے پانچ افراد کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ پالیسی میں تبدیلی کر کے روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار تک ٹیسٹ کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا، فرنٹ لائن پر موجود عملے کو ٹیسٹ میں ترجیح دی جائے گی اور ٹیسٹنگ کی استعداد کار مئی سے بڑھائی دی جائے گی۔
صوبائی حکومت کی دستاویزات کے مطابق متاثرہ افراد کے اہل خانہ کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کی گئی، متاثرہ افراد کے گھرکے پانچ افراد کےٹیسٹ بھی کئے جائیں گے جبکہ تعداد زیادہ ہونے پر زیادہ عمر کے افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ٹیسٹوں کو مختلف کیٹیگری کے الگ الگ نام دئیے جائیں گے، بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے 48 گھنٹے کے اندر ٹیسٹ ہوں گے۔
خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس کے متاثرہ 17 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید ٹیسٹ بھی جاری ہیں۔