اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باوجود مئی 2020ء کے دوران برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر حیران کن طور پر بڑا اضافہ ہوا ہے، اپریل کے مقابلے میں مئی میں برآمدات 45.35 فیصد بڑھی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق مئی 2020ء میں مئی 2019ء کے مقابلے میں برآمدات میں 33.64 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں برآمدات میں 6.87 فیصد کمی ہوئی۔
دنیا نیوز کو ادارہ شماریات کی موصول دستاویز کے مطابق مئی 2020ء میں برآمدات کا حجم ایک ارب 39 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا، مئی 2019 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تھا، اپریل 2020 میں برآمدات کا حجم محض 95 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا۔
دستاویز کے مطابق مئی میں تجارتی خسارہ گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہوا، مئی میں گزشتہ سال مئی کے کے مقابلے میں درآمدات میں43.17 فیصد کمی ہوئی، مئی میں اپریل کی نسبت درآمدات میں11 فیصد کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا مئی کے دوران برآمدات کا حجم 19ارب 79 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 21 ارب 25 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تھا، رواں مالی سال کے 11 ماہ میں تجارتی خسارہ 27.77 فیصد کم ہوا۔
جولائی تا مئی تجارتی خسارہ 21 ارب 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 29 ارب 15 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھا، جولائی تا مئی کے دوران درآمدات میں 18.96 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا مئی درآمدات 40 ارب 85 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں، گزشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات کا حجم 50 ارب 41 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔