کورونا کیسز میں اضافہ، وفاقی حکومت کا سمارٹ لاک ڈاؤن سخت کرنے پر غور

Last Updated On 03 June,2020 09:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وائرس کی وبائی صورتحال پر اجلاس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر عمل کرانے کی تلقین کی جائیگی۔ صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کریگی۔

اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کی جائے گی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن سخت کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی پانچ دن کاروبار کی اجازت، مارکیٹیں شام 7 بجے تک کھل سکیں گی

خیال رہے کہ اس سے قنل وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے پیش نظر اہم فیصلوں پر غور کیا گیا اور صوبوں کی تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری مراکز شام 7 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ وزارت ریلوے 40 ٹرینیں چلا سکے گی۔ وزیراعظم نے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والے ان اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہورمیں کورونا تباہی مچانے کیلئے تیار،7لاکھ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ

رابطہ کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بیماری کی روک تھام اور معاش کے مابین توازن برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بعض شعبے معطل رہیں گے۔ کاروباری اداروں اور تجارتی سرگرمیوں کی تجویز کردہ فہرست پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اتفاق رائے کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایس او پیز کو لاگو کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں خصوصاً مزدور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے نئے ایس او پیز کے ساتھ لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہفتے میں پانچ دن صبح 6 سے شام 7 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ ہفتہ اور اتوار صوبے بھر میں سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، چائے خانے، سینما اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ صوبے میں ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ 2 جون کو کیا جائے گا۔ ایس او پیز کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی جائے گی۔

ادھر حکومت بلوچستان نے سمارٹ لاک ڈاﺅن میں 15 دن کی توسیع کرتے ہوئے اس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاﺅن میں توسیع سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کاروباری مراکز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہینگی۔ ہفتے سے جمعرات تک سمارٹ لاک ڈاﺅن کے تحت دکانیں کھولی جائینگی۔ جمعہ کے روز تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھی جائینگی۔ دودھ دہی کی دکانیں، تندور، میڈیکل سٹورز پورا ہفتہ 24 گھنٹے اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گے۔ ریسٹورینٹ 24 گھنٹے صرف پارسل اور ٹیک اوے کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔ انٹر سٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔ مذہبی، سماجی اور دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ تمام تعلیمی ادارے بھی 15 جولائی تک بند رہینگے۔ سینما، پکنک پوائنٹس، شادی ہال اور جمز پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔

لاک ڈاؤن میں نرمی: پنجاب حکومت کا کاروبار کے اوقات کار بارے نوٹیفیکیشن جاری

گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی وفاق اور صوبائی کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کے اوقات کار کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہالز بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ سماجی اور مذہبی اجتماعات جبکہ کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 5 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔

میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور اور زرعی ورکشاپس کو 24 گھنٹے جبکہ کال سینٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔

تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا جو 15 جون تک نافذ العمل رہے گا۔
 

Advertisement