لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کی نئی لہر نے غریب عوام کی چیخیں نکلوا دیں، سبزیوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں بھی پہنچ سے باہر ہونے لگیں، کم آمدنی والے افراد کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا۔
مہنگائی کی نئی لہر،عوام سخت اذیت سے دوچار، کم آمدنی والے افراد کیلئے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا، عید قرباں قریب آتے ہی مہنگائی نے ڈیرے ڈال لئے۔ سبز مصالحہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ مرغی کا گوشت بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گیا۔ 2 روز کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں 12 روپے کا اضافہ، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی 6 روپے اضافے کے بعد مرغی کا گوشت 287 روپے کلو ہو گیا۔
سبزی مارکیٹ میں بھی مہنگائی ہی مہنگائی، سبز مصالحہ جات مہنگے داموں فروخت کئے جانے لگے۔ ہنڈیا کی بنیادی ضرورت ٹماٹر کی جارحانہ اننگز جاری، قیمت 120روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ پیاز 60 روپے، لہسن 250 اور ادرک 400 روپے کلو میں بیچا جا رہا ہے۔اسی طرح سبز مرچ 110روپے اور لیموں 160روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہری بھی مہنگائی کے خلاف پھٹ پڑے،بولے سب کچھ مہنگا ہو گیا، سبزیاں بھی خریدنا ممکن نہیں رہا۔ دکاندار بھی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں، کہتے ہیں ہمیں سبزیاں مہنگے داموں مل رہی ہیں، سستی کیسے فروخت کریں۔