پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری نرخنامے کے برعکس اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش 20 سے 50 روپے تک مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں، شہری حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔
پشاورسمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا جاسکا، سرکاری نرخوں کی بجائے من مانے نرخوں پر فروخت جاری ہے۔ پشاورکی مقامی مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ٹماٹرفی کلو 80 سے 90، کچالو 140، بھنڈی 130، پیاز 70 سے 80 اور آلو 60 سے 80 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، فی درجن انڈوں کی قیمت میں بھی خودساختہ اضافہ کرتے ہوئے 140 روپے فی درجن میں فروخت ہورہے ہیں، سبز الائچی 7 ہزار روپے فی کلو تک پہنمچ گئی ہے۔
بڑے گوشت کا سرکاری ریٹ 370 تو مقرر کیا گیا ہے تاہم 500 روپے کلو میں بیچا جارہا ہے، بکرے کا گوشت 1200 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، انتظامیہ نے بھی اس بات کا اقرار کیا کہ سرکاری ریٹ سے زائد نرخوں پر فروخت کی شکایات مل رہی ہیں۔
دودھ سرکاری قیمت 70 جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں 130 سے 140 میں فروخت کیا جارہا ہے، دہی کی سرکاری قیمت 90 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں 120 سے 140 تک مل رہا ہے، شہر کی اوپن مارکیٹ میں چاول کی قیمتوں میں اضافے سمیت مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے گرفتاریوں اور جرمانوں کے باوجود اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پر فروخت تاحال ممکن نہیں بنائی جاسکی۔