لاہور: (دنیا نیوز) شہر شہر بادلوں نے ڈیرے لیے، ،شہر اقتدار میں موسلا دھار بارش سے موسم بھی خوشگوار ہوگیا، لاہور میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، اڑھائی سوسے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، پنجاب، خیبرپختونخوامیں اتوار کو بھی بادل برسیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کہیں گھنگھور گھٹائیں، کہیں تیز ہوائیں نے انٹری ڈال دی، آسمان سے چھم چھم برستے پانی نے کئی شہروں میں موسم دلکش بنادیا، اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں موسلادھار بارش نے رنگ جمایا۔
لاہور میں دن بھر سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی جاری رہی، رات کو مختلف علاقوں میں بادل برسے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، اڑھائی سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، آدھا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔
دریں اثناء مرید کے، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، بھلوال، دینہ، بہاولپور، منچن آباد اورچشتیاں میں برکھا رت پڑی، ٹانک اورڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا میں بھی ابررحمت برسی، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔