لاہور: (دنیا نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 1 سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی مرتب کردہ جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نجی شعبے سے حاصل کردہ قرضوں کی واپسی کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستان کے پاس آئندہ 12 سے 18ماہ کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے زرمبادلہ کے ذخائر دستیاب ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت سے پاکستان میں فارن ایکس چینج کی دستیابی رہے گی۔
کورونا وباء کی وجہ سے بڑھنے والے حکومتی اخراجات سے معاشی اشاریے دباؤ میں رہیں گے۔ مالی سال 2021 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 1 سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
موڈیز نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ اب بھی قرضے دینے والے نجی شعبے کو محدود پیمانے پر نقصانات کے امکانات ہیں لیکن بی تھری ریٹنگ محدود پیمانے ہونے والے نقصانات کو تحفظ دیتی ہے۔
دوسری طرف وزارت خزانہ نے موڈیز کا پاکستان کی ریٹنگ مستحکم کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موڈیز کی جانب سے ریٹنگ مستحکم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کی ریٹنگ بی تھری میں برقرار رہے گی۔
ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق موڈیز کا اقدام پاکستان کی مالیاتی پالیسیوں پر اعتماد ہے، موجودہ مشکل حالات میں موڈیز کا پاکستان پر اعتماد خوش آئند ہے، موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ آﺅٹ لک جائزہ سے مستحکم کردی ہے، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بھی بی تھری پر برقرار رکھی گئی ہے۔