اسلام آباد (روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا کرنے کیلئے پی آئی اے نے خصوصی پروازوں اور رعایتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو ہوابازی ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا 14 اگست سے سکھر، ملتان اور گوادر کیلئے ملک کے مختلف حصوں سے پروازوں کا آغاز کیا جارہا ہے ، پی آئی اے اندرون ملک سیاحت کو فروغ دینے کیلئے یوم آزادی کی چھٹیوں میں گلگت اور سکردو کیلئے بھی رعایتی کرایوں کے ساتھ خصوصی اضافی پروازیں چلا رہی ہے۔
جشن آزادی پیکیج کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے مابین پروازوں پر کرایوں میں 14 فیصد رعایت دی گئی ہے اور سامان کی حیران کن حد 73 کلو تک کر دی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 14اگست سے برطانیہ کیلئے متبادل انتظامات کے تحت فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے ، پیرس کیلئے بھی پی آئی اے کی دو خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 15 اگست کو پیرس سے اسلام آباد اور 16 اگست کو اسلام آباد سے پیرس پرواز روانہ ہو گی۔
پیرس سے اسلام آباد کیلئے دوسری پرواز 29 اگست اور اسلام آباد سے پیرس 30 اگست کو روانہ ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا حکومت پاکستان کے خصوصی تعاون اور کوششوں سے یورپ اور برطانیہ کیلئے متبادل انتظامات کے تحت پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ غلام سرور خان نے کہاحکومت یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لا رہی ہے۔