اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹل کو مالی امداد کی فراہمی کی اصولی منظوری دے دی، ای سی سی نے روز ویلٹ ہوٹلز کے مالی معاملات کو بروقت حل کرنے کی ہدایات کیں اور پائیدار ترقی کےپروگرام کیلئے 8 ارب سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی سمری منظور کی گئی۔
اجلا س میں ایشیائی ترقیاتی بینک کو آف شور بانڈز کے اجرا کی بھی منظوری دے دی گئی، بانڈز مارکیٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جاری کیے جائیں گے، کامیاب جوان پروگرام تمام شہریوں کیلئے بلا امتیاز شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ٹریول اور سیاحتی کاروبار کیلئے سالانہ فیس کی چھوٹ کی منظوری بھی دے دی گئی، اس اقدام سے ایک سال کے دوران 17 ارب روپے کی سہولت مل سکے گی۔ سارک کویڈ 19 ایمرجنسی فنڈز کیلئے اضافی 3 ملین ڈالرز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ای سی سی نے کورونا سے متعلق 540 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، اجلاس میں 5 کروڑ روپے تک کے ری فنڈز کیلئے 40 ارب روپے کی فراہمی کی سمری منظور کی گئی۔