کراچی: حکومت کے دو سالوں کے دوران مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان

Published On 15 August,2020 04:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کپتان کے دور میں مہنگائی نے عوام کے چھکے چھڑا دیے ہیں۔ دو سالوں میں چینی کے ریٹس میں لگ بھگ 80 فیصد ، آٹا 70 فیصد اور کوکنگ آئل 68 فیصد مہنگا ہوگیا۔

عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا، دو سال کے دوران کراچی میں 41 روپے والا مل کا آٹا 70 روپے کلو ہوگیا۔ ماش کی دال 150 سے بڑھ کر 240 روپے کلو ہوگئی جبکہ چینی 56 سے بڑھ کر اپنی سینچری مکمل کرچکی ہے۔

لال مرچوں نے مہنگائی میں مزید تیزی پیدا کردی ہے کہ جن کے دام دو سال میں 300 سے بڑھ کر 900 روپے کلو تک پہنچ چکے ہیں

کھانے پکانے کے تیل کا ایک لیٹر کا پاوچ اس عرصے میں 182 سے بڑھ کر 250 روپے تک پہنچ گیا۔ صرف یہی نہیں موجودہ دور حکومت میں بیف بغیر ہڈی کا 510 سے بڑھ کر 700 روپے کلو تک بکنے لگا۔

اس کے علاوہ سبزیوں کے ریٹس نے بھی عوام کی طبیعت ہری کردی دو سال قبل 32 روپے کلو بکنے والی پیاز آج 50 روپے کلو کے حساب سے عوام خرید رہے ہیں ،، آلو کے دام بھی دگنے ہوکر 60 روپے کلو تک پہنچ گئے۔

عوام کا کہنا ہے کہ بڑی بڑی گاڑیوں میں پھرنے والے مشیر و وزراء معیشت بہتر ہونے کے ڈنکے پیٹ رہے ہیں اور مفلسی سے تنگ لوگ خودکشی کرنے پرمجبور ہیں۔