کراچی پولیس کا ملزمان کی الیکٹرونک مانیٹرنگ کا فیصلہ

Published On 15 August,2020 04:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بار بار گرفتار ہونے والے ملزمان کے معاملوں کے بعد کراچی پولیس نے ملزمان کی الیکٹرونک مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا۔ کراچی پولیس نے ای ٹیگنگ سے متعلق تجویز تیار کرلی۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے بار بار گرفتار ہونے والے ملزمان کی الیکٹرونک مانیٹرنگ کیلئے ای ٹیگنگ سے متعلق تجاویز تیار کرتے ہوئے کہا کہ ای ٹیگنگ کا مقصد ملزمان پر جدید طریقے سے نظر رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکڑونک چپ سٹریٹ کرمنلز اور خواتین ملزمان کو لگائی جائے گی۔ منشیات فروش اور 6 ماہ تک سزا یافتہ ملزمان کو بھی چپ لگائی جاسکے گی۔ الیکٹرونک ٹریکنگ سے ملزمان کی نقل و حرکت پر نظر رہے گی۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ضمانت پر رہا ملزمان کو بھی الیکٹرونک ڈیوائس لگائی جائے گی۔۔الیکٹرونک مانیٹرنگ کا مقصد ملزمان کی بارہا گرفتاری سے بچا جاسکے گا۔ سندھ حکومت کی منظوری کے فوری بعد عمل شروع ہوگا۔ فیصلہ بڑھتے سٹریٹ کرائم سمیت دیگر وارداتوں کے بعد کیا گیا۔