اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں اے این ایف نے کارروائیاں کرتے ہوئے اڑھائی ارب روپے کی منشیات پکڑ لی اور خاتون سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر کے 591.799 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ اسمگلنگ میں استعمال 6گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران برآمد کی گئی منشیات میں 15.144کلوگرام ہیروئن،178.255کلو چرس، 399.4 کلو گرام افیون شامل ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیت 17.970 ملین امریکی ڈالربنتی ہے۔
اس سے قبل رواں سال 11 اپریل کو اے این ایف نے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی میں کارروائی کے دوران 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کی تھی۔اے این ایف نے بتایا کہ بیلجئیم جانے والے کنٹینر سے 700 کلو ہیروئین اور 80 کلو افیون برآمد کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ رواں سال 10 فروری کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 98 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی تھی۔اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی۔منشیات کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔