لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روزکے دوران ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، انڈیکس 625.10 پوائنٹس بڑھ گیا ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ کی عالمی سطح پر پذیرائی، ملکی معیشت کے حوالے سے اچھے اعشاریے سمیت دیگر اہم امور حصص مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے رواں ہفتے کے پہلے چار روز کے دوران تین دن تیزی جبکہ ایک روز اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی دیکھی گئی ہے۔
رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، جس کے باعث صبح 9 بج کر 46 منٹ پر انڈیکس 465.88 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42488.13 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک بھی دیکھنے کو ملا جب انڈیکس 698.47 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 42896.36 پوائنٹس کی سطح کو بھی چھو گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 625.10 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42647.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روزکے دوران ٹریڈنگ میں 1.49 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی جبکہ ٹریڈنگ کے دوران 49 کروڑ 86 لاکھ 11 ہزار 619 شیئرز کا لین دین ہوا ہے جس کے باعث انویسٹرز کو 70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔