لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے نیوزی لینڈ کے دورے پر 30 کرکٹرز کو بھیجے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ٹور نومبر کے آخر میں شیڈول ہے، قومی سکواڈ کے ساتھ پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں کو بھی بھیجنے کا امکان ہے۔ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے حوالے سے سخت قواعدوضوابط کی وجہ سے دونوں سکواڈز میں زیادہ پلیئرز شامل کیے جائیں گے، کھلاڑی اور آفیشلز وہاں پہنچنے کے بعد 14 دن کا قرنطینہ کریں گے اور میچز سے قبل بائیوسیکیور ببل میں داخل ہوں گے۔
سینئر ٹیم ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلے گی جبکہ پاکستان اے سائیڈ اس دوران 4 روزہ میچز کھیلے گی۔ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو دورہ نیوزی لینڈ کی تصدیق کر دی۔
نیوزی لینڈ کووڈ 19 کی صورتحال کے مطابق انتطامات میں مصروف ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہوم انٹر نیشنل سیزن کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے، پی سی بی نے کھلاڑیوں کے حوالے سے حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیم کی اگلی غیر ملکی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ ہی ہے، پاکستان ٹیم کا رواں ماہ ہونے والا دورہ ساوتھ افریقہ پہلے ہی ملتوی ہو چکا ہے۔
دوسری جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ٹاپ کرکٹرز کے چلے جانے سے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کا معیار شدید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔