لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کیخلاف مانچسٹر میں تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ یونس خان کے سمجھانے، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی یقین دہانی پر میچ کھیلنے پر رضامند ہوئے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سابق کپتان سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا تھا ان کے تحفظات تھے، اگر وہ بھی سرفراز احمد کی جگہ ہوتے تو یہی کرتے۔
انہوں نے بتایا کہ سرفراز احمد کے خدشات دور کرنے کی ضرورت تھی، جو ہم نے دور کردیے اور معاملہ ختم ہوگیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ سرفراز احمد، ان کے، بابر اعظم اور یونس خان کے سمجھانے پر میچ کھیلنے کے لیے رضامند ہوئے تھے۔
مصباح کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا تھا لیکن جب آپ کو سیریز کا آخری میچ کھلایا جائے تو کھلاڑی کو یقینی طور پر تشویش لاحق ہوتی ہے، تشویش کی وجہ سے سرفراز احمد نے اپنے تحفظات کا ٹیم انتظامیہ سے اظہار کیا تھا۔
چیف سلیکٹر کے مطابق سیریز کا آخری میچ تھا اس لیے اُن پر دباؤ تھا کہ اگر انیس بیس ہوگیا تو وہ مشکل میں آسکتے ہیں۔