انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں دباؤ کا شکار تھا: وہاب ریاض

Published On 09 September,2020 05:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں دباؤ کا شکار تھا۔

یوٹیوب چینل پر انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ ٹور پر پاکستان نے کوئی فتح حاصل نہیں کی تھی اور پوری ٹیم دورے کا اختتام کامیابی سے کرنا چاہتی تھی اس لیے میں چاہتا تھا کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروں۔

پیسر نے کہا کہ موقع ملنے پر دماغ میں بہت کچھ چل رہا تھا بہت سے سوالات جنم لے رہے تھے میں بالکل جھوٹ نہیں بولوں گا کہ میں دباؤ میں نہیں تھا، پریشر میں تھا اور مثبت نتیجے پر اپنی پرفارمنس پر خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل دو ماہ کی سخت ٹریننگ اور اور محنت کا صلہ ملا ہے، چار ماہ بعد ٹیم میں واپس آیا تھا جب دورہ انگلینڈ پر ٹریننگ شروع کی تو ایسا لگا کہ یہاں پہلے کبھی نہیں کھیلا، اس لیے ماحول کا بھی پریشر تھا۔

واضح رہے کہ محمد عامر کے ہیمسٹرنگ انجری کے شکار ہونے پر وہاب ریاض کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں موقع دیا گیا تھا یہ ان کا دورہ انگلینڈ میں پہلا میچ تھا جس میں وہ امیدوں پر پورا اترے۔