لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کراچی میں ساحل پر گندگی سے پریشان

Published On 08 September,2020 10:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کراچی میں ساحل پر گندگی سے پریشان ہیں اور ایک بار پھر انہوں نے انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے۔

خیال رہے کہ شہر میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے اور بارشوں کے ایک ہفتے بعد بھی شہر کے کئی علاقوں میں پانی موجود ہے جب کہ شہر بھر میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ساتھ ہی سیوریج کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ جانے سے پہلے ساحل بالکل صاف تھا، شنیرا اور سب نے مل کرساحل کو صاف کیا تھا لیکن واپسی پر یہاں آنا مایوس کن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، کراچی کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں: وسیم اکرم

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ گند بارش کی وجہ سے ہی مچی ہو اور یہ بھی امید کرتا ہوں کہ اسے جلد صاف کردیا جائے گا۔

اس سے قبل شنیرا اکرم نے بھی ساحل سمندر پر استعمال شدہ سرنج کی موجودگی پر انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی 27تاریخ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں کراچی کی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پیار بھرا پیغام بھیجا تھا۔

Advertisement