سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی، انڈیکس 116.68 پوائنٹس گر گیا

Published On 11 September,2020 05:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 116.68 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست کارکردگی کا تسلسل جاری تھا، گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران کاروبار میں تیزی کے باعث 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، صرف دس بجے کے قریب انڈیکس 200سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا اور 42854.01 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم اس کے بعد غیر یقینی صورتحال کے باعث انڈیکس میں مندی کی واپسی ہوئی، جو کاروبار کے اختتام تک برقرار رہی، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 166.68 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42 ہزار 530.67 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.27 فیصد گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 30 کروڑ 97 لاکھ 21 ہزار 854 شیئرز کا لین دین ہوا۔