پروٹیز کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل سٹیٹس ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا

Published On 11 September,2020 04:34 pm

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد پروٹیز کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل سٹیٹس ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا۔

جنوبی افریقی حکومت نے ایک ماہ کیلئے تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے، بورڈ معاملات میں حکومتی دخل اندازی کے باعث جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگ سکتی ہے۔

جنوبی افریقی سپورٹس کنفیڈریشن اور اولمپک کمیٹی نے کرکٹ بورڈ میں مداخلت کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے جس کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

انتظامی کمیٹی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ کے معاملات کو درست کرنے کے لیے انکوائری کے بعد اس کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب آئی سی سی قوانین کے مطابق کرکٹ چلانے والے بورڈ کے معاملات میں حکومتی دخل اندزی نہیں کی جاسکتی تاہم اس سے متعلق آئی سی سی کی جانب سے ردعمل آج سامنے آنے کا امکان ہے۔