کوئٹہ: ہزار گنجی فروٹ و سبزی منڈی کی سڑک 10 سال سے تعمیر ومرمت کی منتظر

Published On 06 October,2020 09:47 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں فروٹ وسبزی منڈی پاکستان اور ہمسایہ ممالک کی زرعی پیداوار کی تجارت کا اہم مرکزہے مگر یہاں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کیلئے صرف ایک ہی سڑک ہے جو 10سالوں سے تعمیر و مرمت کی منتظر ہے۔

ٹوٹی پھوٹی سڑک کے یہ مناظر کوئٹہ کی ہزار گنجی سبزی وفروٹ منڈی اور بس وٹرک اڈے کے ہیں۔ ہزارگنجی سبزی وفروٹ منڈی میں روزانہ ہزاروں ٹرک اندرون ملک کے علاوہ افغانستان اور ایران سبزیاں اور پھل لاتے لے جاتے ہیں۔ گڈزاور مسافر ٹرانسپورٹ بھی یہیں سے چلتی ہے مگر یہاں کی اکلوتی سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈر بن چکی ہے جو ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کے عذاب سے کم نہیں۔

جگہ جگہ سے ٹوٹی سڑک پر حادثات کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کی مشینری کاخراب ہونا بھی روز کا معمول ہے۔ ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو جلد حل کردیا جائے گا۔

سبزی وفروٹ کے آڑھتیوں اور ٹرانسپورٹرز کے علاوہ دیگر کاروبار سے وابستہ تاجروں کا موقف ہے کہ کروڑوں روپے ماہانہ ٹیکس اداکرنے کے باوجود ہزار گنجی کی اہم سڑک کی تعمیر اور صفائی سھترائی کا نہ ہونا انتطامیہ کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔