قلعہ سیف اللہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں وسائل کا درست استعمال ہوتا تو آج صوبے کی صورتحال بہت بہتر ہوتی، قبول کرنا ہوگا کہ بلوچستان کی پسماندگی کے سب ذمہ داری ہیں، مسائل صرف نعروں سے نہیں، عملی اقدامات سے حل ہوتے ہیں، کوشش ہے عملی طور پر ترقیاتی کام کر کے دکھائیں۔
ٹریڈ ٹرمینل گیٹ کی افتتاحی تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے 2 سال میں بلوچستان کی پائیدار سماجی اور معاشی ترقی کی پالیسی اپنائی ہے، ہمیں فیصلہ سازی میں اپنے عوام کے مفاد کو مقدم رکھنا ہے، بلوچستان کی ترقی کا فائدہ پوری قوم کو ہوگا، ترقیاتی عمل کے ثمرات کیلئے تمام فریقوں کی شمولیت ضروری ہے، عوامی مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز ہے، بلوچستان میں پہلی مرتبہ ان جگہوں پر کام کر رہے ہیں جہاں ماضی میں کبھی کام نہیں ہوا، ان سڑکوں سے تجارت کرنیوالوں کو آسانی ہوگی، بارڈر پر چھوٹی چھوٹی آبادیاں حکومت بنا کر دے رہی ہے، سرحدی علاقوں میں ترقیاتی منصوبے بھی سالانہ پروگرام میں شامل ہیں۔