کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلئ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ تاجر تنظیمیں چیمبر آف کامرس اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن کرونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان کی جانب سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس وقت پوری دنیا تشویش ناک صورتحال سے دوچار ہے، سب کو ملکر حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ تاجر اور ٹریڈرز تنظیموں کے عہدیدار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے تجارتی مراکز بند کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کریں کیونکہ کرونا وائرس سے نمٹنا قومی ذمہ داری ہے، ہم سب کی کوششوں سے ہی اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ایک حساس مسئلہ ہے جس کو احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہی روکا جا سکتا ہے۔ بازاروں عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ پر ہجوم ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک نے احتیاطی تدابیر کے لیۓ سخت اقدامات کیے ہیں۔