زیارت ریذیڈنسی میں یوم قائدؒ کی پروقار تقریب میں بانی پاکستان کو خراج تحسین

Last Updated On 25 December,2019 03:46 pm

زیارت: (دنیا نیوز) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر اہم شخصیات نے اپنے خطاب میں قائداعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے عزم و حوصلے نے آزاد ملک دیا، ملک کو اتفاق، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر لیکرچلنا ہے۔

وادی زیارت میں یوم قائد کی پروقار تقریب زیارت ریذیڈینسی میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس میں اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔

اس دوران تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم بے شمار صلاحیتوں کی حامل شخصیت تھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا اپنا کردار ہے، بھارت میں اقلیتوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں جو اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ قومیت کی جنگ اورتعصب پھیل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں یک جہتی کو برقرار رکھنا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی تقریب سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن تاریخ ساز دن ہے۔ قائداعظم کےعزم اورحوصلہ کی وجہ سے ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے بھی خطاب کیا، ان کا کہناتھا کہ ہم دنیا کی خوش قسمت قوم ہیں جس کو قائداعظم کی جرات اور فہم وفراست ملی۔ پاکستان کے وجود کو سات دہائیوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام ملک اور اداروں کے خلاف سازشیں کرنےوالوں سے دور رہیں۔ دہشت گردی کی جنگ میں سرخرو ہوں گے، انھوں نے کہا کہ آئیں ملکر ملک کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔
 

Advertisement