کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بدعنوانی کا ناسور ہے جو آہستہ آہستہ ہمارے جسم کے ساتھ روح کو بھی مردہ کر رہا ہے۔
عالمی انسدادِ بدعنوانی مہم کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کا ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اسی حوالے سے معاشرے میں بدعنوانی کے خاتمے کے لئے سول سیکرٹریٹ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خسوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تھے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کو کرپشن سے پاک کرکے ترقی کی راہ پرگامزن کرنا ہے۔
ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اور آپ اپنے ہر عمل اور ہر فیصلے کے جوابدہ ہیں۔
نیب بلوچستان کے مطابق میگا کرپشن کی سمیت صوبے کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری محکموں کے بدعنوانی سے متعلق سو سے زائد کیسز پر کام جاری ہے جبکہ رواں سال تقریباً 50 کروڑروپے بدعنوان عناصر سے وصولی کے بعد قومی خزانے میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔