کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملک میں لیبر قوانین کم اور بلوچستان میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں یوم مزدور کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سو سال قبل شکاگو میں دی جانے والی قربانی مشعل راہ ثابت ہوئی اور آج یوم مزدور کی شکل میں یہ دن ان مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
جام کمال نے کہا کہ مزدور یونین آج بھی انہیں نکات پر مزدور کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جو کہ آج سے کئی سال پہلے لڑی جا رہی تھی۔ پاکستان کی نسبت دنیا نے لیبر یونین قوانین میں بہت ترقی کی۔ ہمیں مزدور کے دن کو حقیقی معنوں میں ہر روز تسلیم کرنا چاہیے۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی پالیسیاں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ نہ کر سکے تو ایسی تقریب بے معنی ہے۔ ہمیں مزدوروں کے تحفظ کے لئے موثر قانوں سازی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لیبر قوانین سمیت متعدد شعبوں میں قانون سازی کی ضرورت ہے۔ حکومت کا کام روڈ سڑک کی تعمیر نہیں بلکہ اداروں کا سٹرکچر مضبوط کرنا ہے۔ کسی بھی جرم کے لئے قانون موجود نہ ہو تو ذمہ داروں کو سزا کیسے ملے گی؟