زیارت: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع زیارت سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کر دیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی جبکہ شہداء کی میتیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق لال کٹائی سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر آج صبح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 6 لیویز اہلکار شہید ہو گئے جن میں مہتاب الدین دفعدار، عبدالحکیم اللہ، فقیر محمد، محمد عثمان، عبدالشکور اور داد محمد سپاہی شامل ہیں۔
دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے، اطلاع ملنے پر مزید سکیورٹی نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہداء کی میتیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سنجاوی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔