سی پیک پر ماضی میں کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے: جام کمال

Last Updated On 29 March,2019 06:31 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے سی پیک پر ماضی میں کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے، مغربی روٹ پر آج حقیقی معنوں میں کام شروع ہوا، سی پیک میں صوبے کا حصہ بڑھایا جائے۔

وزیراعلیٰ جام کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلوچستان کی ترقی کیلئے وزیراعظم کی کاوشوں کے معترف ہیں، بلوچستان کی ترقی کیلئے وزیراعظم کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں، سی پیک سے متعلق ماضی میں کئی وعدے پورے نہیں کیے گئے، سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

 قبل ازیں کوئٹہ کینٹ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے جوائنٹ وینچر کے تحت میگا پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا، کارڈیک سینٹر، کوئٹہ ژوب این 50 موٹروے منصوبوں میں شامل ہیں۔ کوئٹہ ژوب موٹروے سے سماجی اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، کوئٹہ سے ڈی آئی خان کا سفر 12 گھنٹے سے کم ہو کر 4 گھنٹے ہو جائے گا، شاہراہ کی تعمیرسے مقامی تاجروں کو مرکزی منڈیوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔

این 50 کی تعمیر سے خیبرپختونخوا کی اجناس جلدی کراچی پورٹ تک پہنچ سکیں گی۔ این 50 موٹروے مغربی سرحد کے متوازی علاقائی راہداری ہوگی، اس شاہراہ کے ذریعے افغانستان اور ایران کو پاکستان سے ملایا جائے گا، کارڈیک سینٹر کوئٹہ میں عوام کو جدید سہولیات میسر ہوں گی، خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت کوئٹہ میں ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام بھی شریک تھے۔

Advertisement