کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کوئی مذاق نہیں ہے، اتحادیوں سے اس معاملے پر بات کرینگے، امید ہے کہ صادق سنجرانی تبدیل نہیں ہونگے۔
کوئٹہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہیں ہوں گے، صادق سنجرانی کے انتخاب میں پیپلز پارٹی نے کردار ادا کیا تھا، وہ اپنی خدمات بہتر انداز میں پوری کر رہے ہیں، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر بات کرینگے۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ عمران خان بہتر انداز میں ملک چلا رہے ہیں اور بلوچستان کے لیے سوچ رہے ہیں۔ 10 ماہ کی قلیل مدت میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرمایہ کار بیرونی ملک سے پاکستان میں آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے، اس کی میں تبدیلی کی بات کی جارہی ہیں لیکن چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کوئی مذاق نہیں ہے۔ میڈیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں صحافت کا اہم کردار ہوگا۔ حکومت اور میڈیا کو صوبے کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہونا چاہیے۔