کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی نے کرونا وائرس کے حوالے سے ایران اور چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کر لی ہے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کے دوران رولنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ایران سرحدی علاقوں کی موثر نگرانی کرے۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لیپٹ میں لے لیا ہے۔ پوری حکومت تندہی اور سنجیدگی سے کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم وسائل کے باوجود اقدامات کر رہے ہیں۔ کرونا وائرس جیسے لاعلاج مرض کے سدباب کیلئے سدرن کمانڈ کے ساتھ مل کر مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔