بلوچستان حکومت میں کوئی عدم استحکام نہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

Last Updated On 03 February,2020 06:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ان کی حکومت میں کوئی عدم استحکام نہیں، سپیکر صاحب کے کچھ تحفظات تھے لیکن انہیں سنجیدہ نہیں لیا، چاہتا تو ایکشن لے سکتا تھا مگر اب اُن کے تحفظات ختم ہو چکے ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبے کے پاس اختیار اور وسائل دونوں موجود ہیں، حق تلفی کے ذمے دار ہم خود ہیں اور یہی وسائل ماضی کی حکومتوں کے پاس بھی تھے۔

کراچی میں بلوچستان ٹورازم سیمنار سے خطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے کے ماساٹر پلان اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کوسٹَل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا گیا ہے۔ رواں سال میں ہی تمام کوسٹل بیلٹ پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبے کو اب سیکورٹی مسائل کا بھی سامنا نہیں ہے۔ ملک بھر کے لوگ ان مقامات سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔

جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ 17 مہینے کی حکومت میں انہیں یہ سمجھ آیا کہ بلوچستان کو وسائل کی کمی کا کبھی سامنا نہیں رہا لیکن صوبے کے حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا۔
 

Advertisement