کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں ایک کے بعد ایک اور مہنگائی کا وار، آٹے اور چینی کے قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد ٹماٹر کی قیمت بڑھنے لگی ہے، ایک ہفتے کے دوران فی کلو ٹماٹر 50 روپے تک مہنگے ہوچکے ہیں، مہنگائی کے ستائے لوگوں کی زندگی مالی بحران کا شکار ہونے لگی ہے۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔ سبزی منڈی اور بازاروں میں ٹماٹر منہ مانگی قیمت پرفروخت کئے جا رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 50 روپے تک مہنگے ہو چکے ہیں۔ کاسی روڈ سبزی منڈی میں 60 روپے، جوائنٹ پر80 روپے فروخت کئے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ کی سبزی منڈی کے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ مقامی کھیتوں میں ٹماٹر کی فصل ختم ہوچکی ہے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں زیادہ اضافہ بھی ہوا ہے جس کے باعث ٹماٹر مہنگا ہو رہا ہے۔ رواں سال کے اوائل میں ٹڈی دل کے حملے اور گذشتہ ماہ ہونےوالی بارشوں کے باعث دیگر سبزیوں کی طرح ٹماٹر کی فصل کو بھی کافی نقصان ہوا ہے۔