کراچی: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 42 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، چار ماہ میں اسٹاک مارکیٹ سے 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر نکل گئے جبکہ گذشتہ سال اسی عرصے میں ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔
جولائی سے اکتوبر کے دوران بانڈز مارکیٹ سے16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکل گیا جبکہ گذشتہ سال انہی چار ماہ میں 43 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔
مرکزی بینک کے اعداد شمار کے مطابق اس عرصے میں چین نے سب سے زیادہ 33 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ ہالینڈ نے 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ہانگ کانگ نے 4 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کا سرمایہ پاکستان میں لگایا۔