وفاقی حکومت نے دو سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 17 ارب ڈالر کا اضافہ کیا

Published On 19 October,2020 12:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) موجودہ حکومت نے دو سال کے دوران بیرونی قرضوں کے حجم میں 17 ارب ڈالر کا اضافہ کیا۔

ایک قرض کو اتارنے کے چکر میں دوسرے قرض لینے کی روش برقرار ہے، موجود ہ حکومت نے ستمبر 2018 سے جون 2020 تک 17 ارب ڈالر کا نیا غیرملکی قرض لیا جس کے باعث بیرونی قرضوں کا حجم 96 ارب ڈالر سے بڑھ کر 113 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 7 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفیصلات کےمطابق ایک سال میں آئی ایم ایف سے ایک ارب 7 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر اور مختلف ممالک سے 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کا قرض لیا گیا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارہ اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کے باعث حکومت کو قرضوں کی ادائیگیوں کی خاطر مزید قرضوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔