گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں گیس نے عوام سے منہ موڑا تو شہریوں نے متبادل کے طور پر ایل پی جی کا استعمال بڑھا دیا۔ مہنگے داموں ملنے والی ایل پی جی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
سردیوں کے آغاز سے ہی شہر کے مختلف علاقے گیس سے محروم ہو گئے۔ گیس نہ ملنے اور کم پریشرکی وجہ سے شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی پکانا محال ہو گیا ہے۔ گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام گھر کا چولہا گرم کرنے کیلئے ایل پی جی جلانے پر مجبورہو گئے ہیں۔
90روپے فی کلو گرام کے حساب سے ملنے والی ایل پی جی اب 130روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے جس سے شہریوں کی پریشانی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بل پورے ادا کرتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ کم از کم اتنی گیس فراہم کی جائے جس سے گھر کا چولہا جلتا رہے۔