گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پولیس نے گوجرانوالہ میں 3 سالہ بچی سے زیادتی کرے اسے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ میں تھانہ علی پور چٹھہ کے علاقہ میں پیش آیا تھا۔ ملزم نے تین سالہ بچی کو گلی سے اغوا کیا، اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں قتل کرکے اس کی لاش مسجد کے باتھ روم میں پھینک دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا تھا کہ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم رضوان مقتولہ کا کزن ہے۔ اسے ہی بچی کے ساتھ آخری دفعہ دیکھا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف مہیا کیا جائے گا۔
انہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔