گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں قتل ہونیوالے خواجہ سرا کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر خواجہ سراؤں نے احتجاج کیا، جی ٹی روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا جبکہ سینہ کوبی بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کامونکی میں عثمان پیا نامی خواجہ سرا کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جس کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر خواجہ سراؤں نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ’انصاف دو‘ اور قاتلوں کو جلد گرفتارکرنے کے مطالبات درج تھے۔ خواجہ سراوں نے شدید نعرے بازی کی اورجی ٹی روڈ پر لیٹ کر سینہ کوبی کرتے رہے۔ احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
صدر خواجہ سرا ایسوسی ایشن ثانیہ کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں پر ظلم و زیادتی کے واقعات بڑھتے اعلی حکام نوٹس لیں۔
دوسری جانب ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن نواز سیال نفری کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات کرنے کے لئے پہنچے اور خواجہ سراؤں کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی جس پر خواجہ سراوں نے احتجاج ختم کردیا اور پولیس خواجہ سراء ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہداروں کو پولیس وین میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے مظاہرین کے مطالبات جائز ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا.