گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) عیدالضحی قریب آتے ہی فیصل آباد میں سبزمصالحہ جات کی قیمتیں دگنا کر دی گئیں جبکہ گوجرانوالہ میں دکانداروں نے 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔
عید قرباں کے موقع پر چٹ پٹے پکوانوں کی تیاری کے لیے گوجرانوالہ میں شہریوں کی اکثریت نے مختلف مصالحہ جات کی خریداری شروع کر دی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے سرخ مرچ، دھنیا ، ہلدی اور دیگر مصالحہ جات کی قیمتوں میں 15 سے 25 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔
سبزی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ سے شہری پریشان ہیں۔ پیاز کی فی کلو قیمت 60 روپے، ٹماٹر 110، ادرک 440، لہسن 180 اور آلو 70 روپے تک پہنچنے سے شہریوں کے لئے خریدنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ دکاندار کہتے ہیں کہ انہیں منڈی سے ہی سامان مہنگا مل رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں سبزمصالحہ جات کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوتے ہی ناجائز منافع خوروں نے قیمتیں ڈبل کر دیں۔ عیدالضحی قریب آتے ہی منافع خورمافیا سرگرم ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں گذشتہ دس روز میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمت دو گنا کر دی گئیں۔
بازار میں پیاز 80 روپے، ٹماٹر اور ہری مرچ 120 جبکہ ادرک اور لہسن 450 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد کہتے ہیں بد قسمتی ہے کہ ہر تہوار پر مافیا سرگرم ہو جاتا ہے، منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں کررہے ہیں۔