گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت میں 175روپے اضافہ کر دیا گیا، سرکاری طور پر آٹے کی قیمت 825 روپے مقرر ہے مگر کسی بھی جگہ آٹا سرکاری ریٹ پر فروخت نہیں ہو رہا۔
گوجرانوالہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا سرکاری ریٹ 825 کی بجائے 900 سے لے کر 1000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آٹے کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔
آٹے کی قلت کے باعث اس کی قیمت میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ فلور ملز مالکان کے ساتھ ان کے مذاکرات چل رہے ہیں ایک سے دو دن میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔
شہریوں نے حکومت سے تمام صورتحال کو نوٹس لے کر ترجیحی بنیادوں پر معیاری اور سستا آٹا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔