گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں بھتہ خوری کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، گکھڑ کے علاقہ میں بھتہ وصولی کے لئے تین گروہ سرگرم ہیں جن میں گینگ وار بھی چھڑ گئی جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
گوجرانوالہ میں بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ قتل، ڈکیتی اور چوری سمیت دیگر جرائم میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے لیکن بھتہ خوری جیسے جرم کی ایف آئی آر بہت کم درج کی جاتی ہے۔ بھتہ خوری کی وصولی کے لئے گکھڑ میں گروہوں کے درمیان گینگ وار چھڑ گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گکھڑ میں عدنان عرف دانی، فواد عرف فادی اور غلام عرف غلامو گینگ، تاجروں اور صنعتکاروں میں دہشت پھیلا کر بھتہ وصول کرتے ہیں جنہوں نے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل گینگ بنا رکھے ہیں، گینگ میں ملوث متعدد ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
گزشتہ سات سالوں سے بھتہ خوری کے واقعات جاری تھے تاہم چند ماہ کے دوران وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس میں درجنوں تاجر، ڈاکٹراور ٹرانسپورٹر بھتہ خوری کا شکار ہو چکے ہیں۔