گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں چندا قلعہ کے قریب اے ایس آئی کی جانب سے لڑکی پر تشدد کی دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
گزشتہ رات گھر سے ناراض ہوکر آنے والی لدھے والہ وڑائچ کی تنزیلہ بی بی پارک میں چھپ گئی جس کو لینے گھر والے آئے تو وہ گھر جانے سے انکاری تھی جس پر تھانہ صدر کے اے ایس آئی موقع پر پہنچا اور والدین کے سامنے اپنی عدالت لگا لی، لڑکی کو تھپڑوں، جوتے اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حکام نے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی علی اکبر کو نہ صرف معطل کر دیا بلکہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر اس کے خلاف تھانہ صدر میں ہی دفعہ 155C کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار بھی کر لیا ہے۔