اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن وزیراعظم ریلیف پیکچ کے تحت نومبر میں اشیاء کی فروخت کے لئے مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی، سرکاری اسٹورز کی سیل مقررہ ہدف کے مقابلے میں 2 ارب 37 کروڑ روپے کم رہی۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نومبر کیلئے سیل کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، مقررہ ساڑھے 9 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 7 ارب 13 کروڑ روپے کی سیل ہوئی، آٹے اور چینی کی قلت سیل ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کی وجہ قرار دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق نومبر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے 9 میں سے 7 زونز سیل کا ہدف حاصل نہ کرسکے صرف کراچی اور سکھر زونز سیل کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کارپوریشن کے پاس 9 ارب 85 کروڑ روپے مالیت کا سامان موجود ہے۔
اسلام آباد زون کی سیل 1 ارب 38 کروڑ روپے، لاہور زون کی 1 ارب 22 کروڑ، فیصل آباد زون کی سیل 85 کروڑ جب کہ پشاور زون کی سیل 86 کروڑ روپے رہی۔ ملتان 84 کروڑ، ایبٹ آباد 70 کروڑ، کراچی 61 کروڑ، سکھر 44 کروڑ اور کوئٹہ زون کی 25 کروڑ روپے کی سیل کرنے میں کامیاب رہے۔
ذرائع کے مطابق نومبر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے مختص آٹے کا کوٹہ ختم ہونے سے قلت پیدا ہوئی اور جس کا مجموعی سیل پر بھی اثر پڑا، اگر یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی کی دستیابی ہوتی تو نومبر میں سیل اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی تھی۔