جاپان نے چار سال بعد پاکستان پر عائد جانوروں کی انتڑیوں کی برآمد پر پابندی ختم کر دی

Published On 04 December,2020 03:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جاپان نے چار سال بعد پاکستان پر جانوروں کی انتڑیوں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے اس سلسلے میں ٹوکیو میں ٹریڈ سیکشن کی کوششیں قابل ستائش قرار دیدیں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاپان نے پاکستان پر جانوروں کی انتڑیوں کی برآمد پر پابندی ختم کردی ہے۔ جاپان نے چار سال بعد یہ پابندی ختم کی ہے، مشیرتجارت نے کہا کہ بیرون ملک ٹریڈ مشنز پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے اقدامات کریں اور برآمدکنندگان اس موقع سے بھرپورفائدہ اٹھائیں۔

وزارت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلا شپمنٹ جاپان روانہ ہو گیا ہے، مشیر تجارت نے مزید کہا کہ وزارت تجارت نے ٹیکسٹائل شعبے کے لیے ایک ارب 78 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کردی ہیں جس سے ہمارے برآمدکنندگان کے لیکوڈیٹی مسائل حل ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے ڈی ایل ٹی ایل کو بھی جلد جاری کیا جا رہا ہے۔