پوری دنیا میں پاکستانی مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے: گورنر سٹیٹ بینک

Published On 15 December,2020 09:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سٹیٹ بنک کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران پاکستان بہتر اقدامات کے باعث مشکلات کا شکار نہیں ہوا۔ فوری اقدامات کے نتیجے میں پاکستان دیوالیہ ہونے اور منفی اثرات سے محفوظ رہا۔ اب پوری دنیا میں پاکستانی مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے۔

پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ستیٹ بنک آف پاکستان نجی بنکوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض کی سہولت دے رہا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں حکومت ہاﺅسنگ اور تعمیرات کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان اقدامات کیلئے سٹیٹ بنک آف پاکستان نجی بنکوں کی معاونت کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، بیرونی آرڈرز کی بھرمار

رضا باقر نے بھارتی معیشت کی شدید تنزلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وباءکے دوران پاکستان بہتر اقدامات کے باعث مشکلات کا شکار نہیں ہوا۔ سٹیٹ بنک کی طرف سے اٹھائے جانے والے فوری اقدامات کے نتیجے میں پاکستان دیوالیہ ہونے اور منفی اثرات سے محفوظ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا میں پاکستانی مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے اور ہمارے برآمد کندگان کو آڈر مل رہے ہیں۔ ہمیں اپنی برآمدات کے ذریعے قومی پیداوار کی شرح میں اضافے پر توجہ دینی چاہئے۔ کورونا وباءسے پہلے درآمدات کا حجم ماہانہ 2 ارب ڈالر تھا جس میں ٹیکسٹائل ، چاول، سیمنٹ ، کیمیکل، اور ادویات شامل ہیں۔مقامی تجارت کو بڑھاوا دینے کیلئے ضروری ہے کہ درآمدات میں کمی کر کے مسابقتی رحجان میں اضافہ کیا جائے۔